بھٹکل 30/مارچ (ایس او نیوز) قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے عام انتخابات کے بعد کل 31/مارچ کو تنظیم انتظامیہ کی پہلی میٹنگ منعقد ہورہی ہے جس میں عام ممبران میں سے دس اراکین کا انتخاب کرنے کے ساتھ ساتھ بعض حلقوں سے بھی اراکین انتظامیہ کا انتخاب کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ بھٹکل کے جملہ 13 حلقوں میں سے سات حلقوں میں بلامقابلہ 18 اراکین کا انتخاب ہوا تھا اور بقیہ چھ حلقوں میں الیکشن کے ذریعے 17 اراکین منتخب کئے گئے تھے، اس طرح بھٹکل کے جملہ 13 حلقوں سے 35 اراکین ، انتظامیہ کے لئے چنے گئے تھے۔ اس سے قبل تحلیل شدہ انتظامیہ میں سے دس ممبران کا انتخاب کیا گیا تھا، پھر انتخابات کے بعد مجلس شوریٰ میں سے 11 ممبران کا انتخاب کیا گیا تھا۔
کل اتوار کو ہونے والی اس میعاد کی پہلی انتظامیہ میٹنگ کے تعلق سے معاون الیکشن کمشنر جناب صدیق ڈی ایف نے بتایا کہ سب سے پہلے عام ممبران میں سے دس لوگوں کا انتخاب ہو گا، اسی طرح اندرون ہند و بیرون ہند کے جن حلقوں میں مقررہ تاریخ میں الیکشن نہیں ہوئے ہیں، یا الیکشن کی کاروائی ضابطہ کے تحت نہیں ہوئی ہے، اُن حلقوں سے بھی انتظامیہ کے لئے ممبران کا انتخاب کیا جائے گا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بیرون بھٹکل میں کلکتہ، ممبئی، چنئی، آندھرا، کالیکٹ، ریاض، ینبع، جدہ سے انتظامیہ کے لئے اراکین منتخب ہوچکے ہیں اور اس مناسبت سے جملہ 81 ممبران کو کل کی میٹنگ میں شریک ہونے کے لئے ایجنڈہ روانہ کیا گیا ہے۔ دبئی، دمام، قطر اور بنگلور کے لئے اراکین کا انتخاب کل ہوگا، اسی طرح مسقط اور ابوظبی کے تعلق سے کل کی میٹنگ میں حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق دبئی سے دس ، دمام سے دس ، قطر سے ایک اور بنگلور سے ایک ممبر کا انتخاب ہوگا، اسی طرح مسقط میں سات سیٹیں اور ابوظبی میں ایک سیٹ ہے، جہاں سے منتخب اراکین کے تعلق سے کل کی میٹنگ میں حتمی فیصلہ ہوگا۔
یاد رہے کہ 9/ اپریل کو تنظیم کی انتظامیہ میٹنگ میں عہدیداران کا انتخاب ہوگا، جس کے بعدنو منتخب صدر کو تین ممبران چننے کا اختیار ہوگا۔ اس طرح تنظیم کی جملہ انتظامیہ 129 ممبران پر مشتمل ہوگی، جس میں نو سرپرست شامل ہیں۔
کل کی میٹنگ الیکشن کمشنر جناب ایس ایم سید عبدالعظیم صاحب کی صدارت میں صبح ٹھیک 10:30بجے شروع ہوگی جس کے لئے صبح سے جاری تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں ۔